خادم رضوی کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے لاکھوں افراد امڈ آئے، لائیو ویڈیو
لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ عاشق رسولﷺ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔
سربراہ ٹی ایل پی خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے علامہ سعد حسین رضوی نے پڑھائی،نماز جنازہ میں ٹی ایل پی کے کارکنوں اور عقیدت مندوں سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
جنازہ سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچ گئی، گریٹر اقبال پارک اور اس کے اطراف کی سڑکیں بھر گئیں۔ جنازے کے راستے پر بھی لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے موجود رہی۔
تحریک لبیک کے کارکنان میت کے ہمراہ جنازہ گاہ کی جانب رواں دواں رہے اور اطراف کی سڑکوں پر بھی لوگوں کا جم غفیر موجود رہا گھنٹوں کے سفر کے بعد میت جنازہ گاہ پہنچی۔
علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے لیے شہریوں کو نقل و حمل میں دشواری سے بچانے کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
یاد رہے علامہ خادم حسین رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کی شب انتقال کر گئے تھے، انہیں طبعیت بگڑنے پر شیخ زاید اسپتال لایا گیا لیکن اسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے لاکھوں افراد مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک لاہور میں موجود تھے۔
جنازے میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک تھے۔ خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لائی گئی۔
نماز جنازہ کے لیے آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ گراؤنڈ سے مسلسل لبیک یارسول اللہ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔
کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہریوں نے فیس ماسک کا استعمال یقینی بنایا ۔راستوں میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
ملتان روڈ پر زیادہ تر مارکیٹیں اور دکانیں بند رکھی گئیں اور میت والا قافلہ گزرنے کے بعد روڈ پر ٹریفک بحال ہوئی اور مارکیٹیں کھولی گئیں۔مختلف علاقوں سے آئے کارکنوں کو مولانا خادم حسین رضوی کا آخری دیدار کروایا گیا۔
اس موقع پر کارکنوں نے تاجدارِ ختم نبوت اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے۔ مرحوم کی رہائشگاہ کے باہر سیکڑوں عقیدت مند موجود تھےخادم حسین رضوی کی تدفین ان کی مسجد رحمت العالمین کے مدرسے میں کی جائے گی۔
خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات تھے اور شہریوں سے بھی کہا گیا کہ وہ چوکنے رہیں۔
Comments are closed.