الیکشن چوری کے باوجود سلیکٹڈ کو صرف 8 سیٹیں ملیں،مریم نواز
مانسہرہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا چولہا جل سکتا ہے.
مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ غریبوں کو سستی دوائی مل رہی ہے اور نہ ہی چینی چوری رک سکتی ہے، جب تک یہ جعلی حکومت ہے اللہ نہ کرے عوام پر مصیبتیں آتی رہیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود جعلی حکومت کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں صرف 8 سیٹیں مل سکیں، ان 8 سیٹوں کی مبارکباد عمران خان کو نہیں سلیکٹرز کو دیتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہزارہ موٹر وے کا وعدہ کیا اور پورا کیا، جس نے اینٹ تک نہ لگائی وہ نواز شریف کی موٹر وے پر چالاکی سے اپنی تختی لگا کر چلا گیا۔
انہوں نے جلسے کے شرکاء سے پوچھا کہ ووٹ چور کا پاکستان اچھا ہے یا نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا، کیا 50 لاکھ گھروں سے ایک کمرہ بھی کسی کو ملا؟
ن لیگ کی رہنما نے کہا کہ جو ایک یوسی چلانے کے قابل نہ تھا اسے 22کروڑ عوام کی ذمہ داری دے دی، جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا چولہا جل سکتا ہے،
مریم نواز نے کہا گلگت بلتستان میں ایک سے دوسرے کونے تک لوگ نواز شریف کی حمایت میں نکلے، گلگت بلتستا ن کا جعلی نتیجہ آیا تو لوگوں نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، دھاندلی کے باوجود جی بی میں اس جعلی کو نہیں جتایا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے امیدوار توڑنے اور الیکشن چوری کے باوجود انہیں صرف 8 سیٹیں ملیں، وہ سیٹیں بھی مسلم لیگ ن کے توڑے ہوئے امیدواروں کی مرہون منت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جی بی میں کوئی آواز گونج رہی تھی تو وہ تھا نواز شریف کا بیانیہ، نواز شریف کے بیانیے نے تمہاری سیاست کو دفن کر دیا ہے، نواز شریف کے بیانیے کی وجہ سے فکس میچ کے باوجود تمہیں مینڈیٹ نہیں صرف بیساکھیاں ملیں۔
گلگت بلتستان میں 2 نشستیں جیتنے والی جماعت کی نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سیٹیں 8کے بجائے 7ہو گئیں ایسی عبرت! توبہ، توبہ، ایسی ذلت سے تو گھر بیٹھنا اچھا ہے۔
کسی کا نام لیے بغیر مریم نواز نے کہا تم نے باقی پاکستان کو کیا دیا جو گلگت بلتستان کو دیتے؟ لوگ گلگت بلتستان میں تہمیں ووٹ کیوں دیتے؟ تم سے جواب پوچھا جائے تو کہتے ہو میں اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔
Comments are closed.