شادیوں کے انعقاد پر 20 نومبرسے پابندی کا اعلان
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر20 نومبر سے مختلف مقامات پر شادیوں کے انعقاد پر پابندی لگانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا.
یہ اعلان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کیا گیا ہے ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ کے ساتھ 3 ماسک فراہم کیے جائیں گے.
تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 504 ہے جس میں سے 3 لاکھ 18 ہزار 881 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 980 ہے.
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 1688 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 7 مریض دم توڑ گئے تاہم 464 مریض صحت یاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 19 ہزار 643 ہے.
خیبر پختونخوا کے 260 اور بلوچستان کے 51 کیسز بھی شامل ہیں جو گزشتہ روز سامنے آئے لیکن ان کا شمار آج کیا گیا ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے.
آج 9 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ صوبے میں کورونا کے 665 نئے کیسز سامنے آنے اور 3 اموات کی تصدیق کی.
ان نئے کیسز میں سے 75 فیصد کراچی میں سامنے آئے جہاں 503 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 834 اور اموات 2 ہزار 687 ہوگئی ہیں.
صوبہ پنجاب میں24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 345 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 922 ہوگئی صوبے میں وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 408 ہوگئی ہے.
دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 304 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 861 ہوگئی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 241 ہوگئی ہے.
آزاد کشمیر میں کورونا کے 55 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 758 ہوگئی آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 109 پر برقرار ہے.
گلگت بلتستان میں وبا کے 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 366 ہوگئی وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے.
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 464 افراد شفایاب ہوئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 881 ہوگئی.
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 834 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 922 تک پہنچ چکی ہے.
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 657 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 106 ہے.
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 21 ہزار 861، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 366 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 758 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے.
Comments are closed.