پاکستان ٹیلی ویژن کی نجکاری کی منصوبہ بندی شروع

فوٹو: فائل



اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان ٹیلی ویژن کی نجکاری کیلئے نجکاری کمیشن نے مالیاتی امور اور انتظامی معاملات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے پی ٹی وی کی نجکاری کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور کابینہ کمیٹی اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز نے اس قومی ادارے کی نجکاری کی منظوری دے دی ہے۔

نجکاری کمیشن نے سرکاری اداروں کی نجکاری کے پروگرام میں ابتدائی طور پر 18 اداروں کو شامل کیا تھا، تاہم اب اس میں پی ٹی وی سمیت دیگر کچھ اور اداروں کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔

نجکاری کمیشن نے معلومات کی فراہمی کیلئے خط لکھ دیا، جس میں پی ٹی وی انتظامیہ سے مطلوبہ معلومات 7 روز میں طلب کی گئی ہیں۔

نجکاری کمیشن نے پاکستان ٹیلی ویژن کی مالی سال 20-2019ء کی آڈٹ رپورٹ جبکہ 5 سال کی بیلنس شیٹ، اخراجات اور واجبات کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کی نجکاری پلاننگ کمیشن آرڈیننس 2000ء کے تحت کی جائے گی، پی ٹی وی کی نجکاری کے پروسیس کا آغاز کردیا گیا ہے، حتمی منظوری وفاقی کابینہ دیگی۔

نجکاری کمیشن کے خط کے باوجود وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پاکستان ٹیلی ویژن کی نجکاری سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کی نجکاری سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ادارے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، نئے بورڈ ممبران کی تعیناتی کی جارہی ہے۔

Comments are closed.