کپتان شعیب ملک نہیں سرفراز احمد ہی ہونا چایئے، وسیم اکرم
کراچی(ویب ڈیسک )سابق کپتان اور مایہ ناز باولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل کپتان تبدیل کرنا صحیح نہیں ہوگا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ چوتھے ون ڈے میں شعیب ملک نے اچھی کپتانی کی مگر یہ قیادت کا مستقل حل نہیں، ورلڈ کپ سے قبل کپتان تبدیل کرنا صحیح نہیں ہوگا۔
انھوں نے کپتانی شارٹ ٹرم نہیں، مستقل بنیادوں پر ہونی چاہیے جب کہ ٹیم کے لیے مستقل نائب کپتان وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وسیم اکرم نے پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ون ڈے کی پرفارمنس کو سراہا اور شاہین شنواری کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولنگ میں پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ ہے ۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ شکستوں پر کوچ لوریاں نہیں سنائے گا بلکہ ڈانٹے گا ہی، ایک میچ سے کپتانی کا اندازہ نہیں لگا سکتے، شعیب ملک پہلے ہی کہہ چکے ہیں وہ ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔
کپتان کی تبدیلی کا وقت اب نکل چکا ہے، ٹیم کی باتیں میڈیا کو بتانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سرفراز جزبے سے سرشار کپتان ہے، عالمی کپ کے لیے ابھی سے پلان کرنا ہوگا، وقت کم رہ گیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ آخری ون ڈے میں پاکستان جیتے تو خوشی ہوگی، مقابلہ کرکے ہاریں تو کوئی بات نہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، فواد عالم ٹیم میں جگہ بنانے کا مستحق ہے۔
وسیم اکرم نے کپتان سرفراز احمد کی طرف سے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کے خلاف ادا کیے جانے والے نسل پرستانہ جملے کے حوالے سے کہا کہ سرفراز احمد کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا ۔
Comments are closed.