بھارتی الزام مسترد،جواز تراشنا بی جے پی کی خصلت ہے،پاکستان
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ہمیشہ سے ناکامیوں کے جواز تراشنا خصلت ہے اور پلوامہ حملے کا فائدہ اٹھا کر اسے پاکستان کے سر تھوپنے کی کوشش کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، وفاقی وزیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے بھارت کو منہ توڑ جواب کا حوالہ دیا تھا۔
بیان میں کہا گیاہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے اشارے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں کیوں کہ فروری 2019 میں پلوامہ حملے کا براہ راست سیاسی فائدہ بی جے پی حکومت نے اٹھایا۔
ترجمان نے کہا وفاقی وزیر نے 26 فروری کو ناکام بھارتی مہم جوئی کے منہ توڑ جواب کا ذکر کیا تھا، اپنی کمزوریوں اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگانا بی جے پی قیادت کی خصلت ہے، پاکستان مخالف پروپیگنڈا بی جے پی کی انتخابی مہم کا حصہ رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سب کو اچھی طرح یاد ہے کہ پلوامہ حملے اور پاکستان مخالف انتخابی مہم کے بعد بی جے پی کو لوک سبھا میں بڑی کامیابی ملی۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا، بی جے پی اپنی ملکی سیاست خصوصاً الیکشن میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کرے۔
خیال رہے کہ بھارت کی طرف سے بالا کوٹ میں ناکام مہم جوئی کا جواب دو بھارتی طیارے گرا کر اور پائلٹ گرفتار کرکے دیا گیاتھا اس کے باوجود بھارت بالا کوٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے دعوے کرتارہا جو کہ بعد میں جھوٹ ثابت ہوئے۔
Comments are closed.