پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی فرانس میں چاقو حملے کی مذمت
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان ،سعودی عرب اور ترکی نےفرانس کے شہر نیس میں واقع چرچ کے قریب چاقو حملے کی مذمت کی ہے.
جمعرات کو یورپی ملک فرانس کے شہر نیس میں واقع چرچ کے قریب حملے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے ردعمل سامنے آیاہے جبکہ ترکی اور سعودی عرب نے بھی مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان فرانس کے شہر نیس کے اندر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ خاص طورپر عبادت گاہوں کا نشانہ بنانا اور ایسے پر تشدد واقعات کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح نیس شہر میں ایک حملہ آور نے لوگوں پر چاقو سے حملہ کردیا جس میں 3 افراد ہلاک اور متعدد دیگرزخمی ہوگئے۔
نیس کے میئر کرسٹیان استروسی نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ یہ بظاہر ایک دہشت گردانہ حملہ تھا جو شہر کے نوٹرے ڈیم چرچ کے پاس پیش آیا.
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے واضح الفاظ میں نوٹرا ڈیم باسیلیکا چرچ اور اس جیسے دیگر شدت پسند حملوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام مذاہب کی تعلیمات اور انسانی اعتقادات کے خلاف ہیں۔
وزارت نے اپنے بیان میں نفرت، تشدد اور انتہا پسندی کا باعث بننے والے افعال کو مسترد کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ، فرانسیسی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ترکی کی نیوز ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے فرانس کے چرچ میں چاقو کے ایک مہلک حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’ہم نیس میں نوٹرے ڈیم گرجا گھر میں ہونے والے گھناؤنے دہشت گردی کے حملے کی مذمت، ترک صدر اور عوام گرجا گھر میں ہونے والے حملے پر فرانسیسی عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، زبان یا رنگ نہیں ہے، ترکی کے صدارتی ترجمان نے مزید کہا کہ ترکی ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عزم اور یکجہتی کے ساتھ لڑے گا۔
Comments are closed.