ایاز صادق وضاحتی بیان میں بھی اپنے موقف پر قائم


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور ن لیگ کے رہنما ایاز صادق نے اپنے بیان پر وضاحتی ویڈیو جاری کی اور پھر لڑکھڑا گئے اوروہی کچھ کہتے رہے جن کی تردید کیلئے ویڈیو جاری کی تھی۔

ایاز صادق نے ویڈیو بیان میں کہا کہ کل جو میں نے اسمبلی میں بیان دیا اس میں بھارتی میڈیا کا جو رد عمل آیا وہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک چیز واضح ہے کہ ابھی نندن پاکستان مٹھائی بانٹنے نہیں آیا، اس نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور ابھی نندن کے جہاز کو گرانا پاکستان کی فتح تھی۔

ایاز صادق کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کی ابھی نندن سے متعلق میٹنگ بلائی جو تاخیر کا شکار ہوئی، میٹنگ میں تاخیر کی کیا وجہ تھی؟ کیا وہ کسی ملک سے ڈکٹیشن لے رہے تھے ہم سے شیئر کرنا مناسب نہیں سمجھا؟

سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خارجہ کے توسط سے کہلوایا کہ ابھی نندن کو فوری بھارت کے حوالے کرنا ہے، ابھی نندن کی بھارت حوالگی کا فیصلہ سراسر غلط تھا۔

عمران خان نے پارلیمانی رہنماوں کی میٹنگ میں خود آنے کی بجائے وزیر خارجہ کو بھیج دیا ، وہ کسی ملک یا مودی سے رابطے میں تھے یا ان پر کوئی اور پریشر تھا یہ بتانا مناسب نہیں سمجھا گیا۔

اگر ابھی نندن کو بھجوانے کی بات وزیر خارجہ کے زریعے کی گئی تو یقینا عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہوں گی اور پسینہ ہوگا کیونکہ وہ اپوزیشن کو فیس نہیں کرسکتے تھے۔

عمران خان کا یہ فیصلہ غلط تھا کیونکہ پاکستان کے عوام اور فوج بھارت کا ہر طرح سے مقابلہ کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے 27فروری کو پاک فضائیہ کے حملوں میں دو بھارتی طیارے تباہ اور پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہو گیا تھا جسے بعدمیں پاکستان نے جنیوا کنونشن کے تحت بھارت کو واپس کردیا تھا۔

Comments are closed.