کوئٹہ میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، کئی کی حالت نازک

کوئٹہ: بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔

دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور تک سنائی دی گئی، دھماکے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ جائے دھماکا سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بھی ہے۔

دوسری طرف کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کا جلسہ جاری ہے، جس میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ،جے یوآئی ف سمیت 11جماعتوں کے قائدین شریک ہیں۔

تمام قائدین جلسے میں شرکت کیلئے کوئٹہ میں موجود ہیں، اس سے قبل نیکٹا کی جانب سے پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی کا تھریٹ جاری کیا گیا تھا۔ دہشتگردی کے خدشات کے باعث گزشتہ روز ہی بلوچستان حکومت نے اپوزیشن قائدین کے ہوٹل کی سکیورٹی سخت کردی تھی۔

پی ڈی ایم قائدین کو بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں، جبکہ فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی۔

کوئٹہ میں دفعہ 144عائد کی گئی ہے، جس کے تحت ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بھی معطل ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ جلسے کیلئے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کے قائدین کو بلٹ پروف گاڑیاں اور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

Comments are closed.