کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا، فضل الرحمان
کوئٹہ: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کوئٹہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا، سیکورٹی دینا حکومت کا کام ہے۔
قلات کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں، پی ڈی ایم جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، کل پورا بلوچستان بشمول کوئٹہ ہمارے ساتھ مل کر نالائق حکومت کے خلاف جمع ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق کوئٹہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا، سیکورٹی دینا حکومت کا کام ہے، اگراور اعلان کردے، ہم خود سیکیورٹی کے انتطامات سنبھال لیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، آج ہر شخص کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، قوم پر نااہل اور نالائق ٹولے کو مسلط کردیا گیا۔
عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کامیڈی ہے، ووٹ عوام کا حق اور امانت ہے جو چوری کیا گیا، ہم نے عہد کیا ہے کہ ہر صورت عوام کی امانت کو لوٹا کر دیں گے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عدالت نے جسٹس قاضی فائز کیس بدنیتی قرار دے کر خارج کردیا، یہ ریفرنس جعلی کابینہ اور جعلی وزیراعظم کی ایما پر بنایا گیا تھا، اب صدرعارف علوی اپنے عہدے پر مزید رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں ہیں۔
Comments are closed.