ممتاز اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں
اسلام آباد(ویب ڈیسک)فلم اور ٹی وی کی مشہور اداکارہ روحی بانو شدید علالت کے بعد آج ترکی میں انتقال کرگئیں۔
اداکارہ کی بہن روبینہ یاسمین کے مطابق روحی بانو استنبول کے ایک اسپتال میں زیر علاج اور گذشتہ 10 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں، رات گئے ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ انتقال کر گئیں۔
روحی بانو کی بہن نے بتایا کہ روحی بانو گردوں کے عارضے میں مبتلا اور طویل عرصے سے نفسیاتی مرض شیزوفرینیا کا شکار تھیں۔
روحی بانو 10 اگست 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ تھیں اور بے ساختہ اور قدرتی اداکاری روحی بانو کا خاصہ تھی۔
انہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں گردش، کرن کہانی، زرد گلاب، دروازہ اور اشتباہ نظر شامل ہیں، روحی بانو کو صدارتی تمغہ برائے حْسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔
روحی بانو نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں بہت سی تکلیفیں جھیلیں۔ ازواجی زندگی میں بے سکونی کے ساتھ ساتھ اکلوتے بیٹے علی کے قتل کے بعد سے گویا زندگی کی تمام رعنائیاں اْن سے چھِن گئیں۔
لاہور میں واقع نفسیاتی اسپتال ‘فاوٴنٹین ہاوٴس’ ان کا مسکن بن گیا۔لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں روحی بانو کا اپنا گھر بھی ہے، جو اب کھنڈر بن چکا ہے۔
Comments are closed.