گوجرانوالہ جلسہ، لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج
گوجرانوالہ (ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم تحریک کے پہلے گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسہ کے میزبانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنے والی انتظامیہ یعنی جلسہ کے میزبانوں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں ایم این اے خرم دستگیر، ایم این اے محمود بشیر ورک اور سٹی صدر مسلم لیگ (ن) سلمان خالد بٹ ملزم نامزد کیے گئے ہیں جبکہ مقدمے میں سو سے زائد نامعلوم افراد نامزد ہیں ۔
مقدمے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور سڑکیں بلاک کرنے کی دفعات شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت کی بھی دفعات شامل ہیں۔ لیگی کارکنان نے سڑک کے کنارے لگے کنٹینرز کو بھی نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پی ڈی ایم کے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں ایک جلسہ کیا تھا جس میں کورونا ایس او پیز کی سر عام خلاف ورزی کی گئی تھی۔
گوجرانوالہ جلسے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر بھی چلائی گئی تھی۔ گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی اداروں کے سربراہ کے خلاف باتیں کی تھیں ۔
جلسے میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گِل نے کہا تھا کہ جلسے کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
Comments are closed.