کلرکوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کا ڈی چوک میں دھرنا
فوٹو : آن لائن
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد کے ڈی چوک میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اورسرکاری ملازمین کی یونینز کا دھرناجاری ہے۔
احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافے، سرو س اسٹرکچر بدلنے اور دیگر مطالبات کے حق میں اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔
اس دوران جب مظاہرین احتجاج کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس جانے لگے تو پولیس نے انہیں ڈی چوک پر روکنے کی کوشش کی تاہم مظاہرین رکاوٹیں توڑ کرپارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے۔
ان مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز ہیں جن پر سروس اسٹرکچر بدلنے، پنشن، لائف انشورنس دینے، تنخواہوں میں اضافے اور انسداد پولیو مہم میں تحفظ دینے کے مطالبات درج ہیں۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونینز لیڈرز کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ڈی چوک پر دھرنا جاری رکھا جائے گا ۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ڈی چوک آنے والے تمام راستے بند کر دئیے، مظاہرین کوروکنے کے لیے میریٹ ہوٹل، ڈی چوک، نادراچوک ، سرینا چوک میں کنٹیرز رکھ دئیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ریڈ زون کے راستوں میں خار دارتاریں اورواٹرکینن اورپریژن وینزبھی پہنچادی گئی ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں پر لاٹھی چارج کیا جائے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی وبنیادی صحت بحال کیا جائے، قومی سطح پریکساں بنیادی صحت پالیسی بنائی جائے، تمام ملازمین کیلئے سروس اسٹرکچربنایا جائے، تمام صوبوں کی تنخواہ برابر جبکہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
Comments are closed.