مجھے آپ پر فخر ہے، ثانیہ مرزا کا شعیب ملک کیلئے پیغام

فوٹو: فائل

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار پلیئر اور پاکستانی اسٹار آل راونڈر کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے اپنے شوہر شعیب ملک کے ٹی ٹوئنٹی میں10ہزار رنز مکمل کرنے پر خوشی کااظہار کیاہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ثانیہ مرزا نے بلوچستان کے خلاف شعیب ملک کی 74رنز کی دھواں دھار اننگز کی جھلکیاں شیئر کی ہیں جس میں شعیب ملک گیند کو بار بار باونڈری لائن کے پار پہنچا رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر شعیب ملک کی اس تاریخی اننگز کی ویڈیو آئی سی سی کی طرف سے شیئر کی گئی ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان او رمایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئٹنی کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کئے ہیں۔

ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر ویڈیوکے ساتھ لکھا ہے کہ مجھے آپ (شعیب ملک) پر فخر ہے ، یہ سنگ میل طویل کیریئر، صبر آزما کوشش،ہارڈ ورک، قربانی اور خود پر یقین کا نتیجہ ہے۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اپنی اپنی مصروفیات کے باعث اکٹھے نہیں رہ سکتے جس کو بھارتی ٹینس اسٹارنے قربانی اورصبر سے تعبیر کیا ہے۔

جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے دس ہزار رنز بنانے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کاش آج میرے والد زندہ ہوتے، انھوں نے کہا کہ باقی کرکٹرز کی طرح میری والدہ بھی میرے لئے دعا کرتی رہتی ہیں۔

شعیب ملک نے کہا کہ میں ہر میچ سے پہلے اپنی والدہ کو ٹیلی فون کرتا ہوں اور میں جب تک کریز پر رہتا ہوں میری ماں کی دعائیں میرے ساتھ رہتی ہیں، انھوں نے دس ہزار رنز کو اپنی کیرئیر کا سنگ میل قرار دیا۔

انھوں نے طویل کیئریر میں مواقعے فراہم کرنے پر سلیکٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں جب تک مواقعے نہ ملیں کوئی بھی اپنی صلاحیتوں کو ثابت نہیں کرسکتا۔

یاد رہے شعیب ملک نے گزشتہ روز پاکستان کے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے میچ میں بلوچستان کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیاہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ ابھی تک کسی اور ملک کا کوئی کرکٹر ٹی ٹوئنٹی میں 10ہزار رنز نہیں بنا سکا،شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں10ہزار رنز مکمل کرنیکااعزاز پہلے ہی حاصل کرچکے ہیں جب کہ گزشتہ روز جب شعیب ملک نے بلوچستان کے خلاف 47رنز بنائے تو وہ 10ہزار رنز پورے کر گئے۔

اسٹار آل راونڈر38 سالہ شعیب ملک نے 10ہزار رنز کا سنگ میل ہفتے کو راولپنڈی میں ہونے والے خیبر پختونخوا اوربلوچستان کے درمیان قومی ٹی ٹوینٹی کپ کے میچ میں عبور کیا ہے۔

شعیب ملک نے اپنے کیریئر کے 395 ویں میچ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 44گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

شعیب ملک یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے اور ایشیا کے پہلے بلے باز ہیں، ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پیچھے آنے والوں میں شعیب ملک کے قریب ترین ایشین بلے باز بھارت کے ویرات کوہلی ہیں جو اب تک 9 ہزار 33 رنز بناچکے ہیں تاہم انھیں ابھی دس ہزار تک پہنچنے کیلئے تقریباً ایک ہزار رنز مزید بنانے ہیں۔

شعیب ملک کے کیریئر میں دس ہزار رنز تک پہنچنے کیلئے مسلسل محنت شامل ہے تاہم ان رنز میں ایک بھی سنچری شامل نہیں ہے اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عموماً مڈل آرڈر میں آتے ہیں۔

 

 

Comments are closed.