پہلے کرپشن کی، پھر سودا کر لیا ،مخدوم جلیل الزمان رہا
فوٹو: فائل
حیدر آباد(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن میں پلی بارگین کرکے رہا ہو گئے، دس سال کی نااہلی قبول کرلی۔
حیدرآبادکی احتساب عدالت نے مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی ہے اورعدالت نے مخدوم جلیل الزماں کی ڈیڑھ کروڑ روپے کرپشن کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کو رہا کردیا ہے۔
عدالت سے پلی بارگین کی درخواست منظور ہونے کے بعد مخدوم جلیل الزماں نے نیب کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا پے آرڈر جمع کرادیا ہے ،نیب نے مخدوم امین فہیم کے بیٹے جلیل الزماں کو گرفتار کیا تھا۔
اس پلی بارگین کے بعد سابق تعلقہ ناظم مخدوم جلیل الزماں اب 10 سال تک الیکشن لڑنے اور پبلک آفس میں عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ نیب نے مخدوم جلیل الزماں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس پر انہوں نے پلی بارگین کی درخواست کی تھی،ہالا کے سابق ناظم مخدوم جلیل الزماں پر کرپشن میں ملوث ایک سابق اکاؤنٹ افسر سے پیسے لینے کے الزامات ہیں۔
نیب تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مشتاق شیخ نے 2015 میں ڈیفنس کراچی میں مخدوم جلیل الزماں کے برادر نسبتی کے نام پر خریدے گئے فلیٹ کی مد میں 75 لاکھ روپے ادا کیے۔
عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین کی درخواست جمع کروانے پر مخدوم جلیل الزماں ولد مخدوم امین فہیم مرحوم مجرم ثابت ہوتا ہے،مخدوم جلیل الزماں کو 10 سال کیلئے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔
ان پر ہر قسم کے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہوگی۔ وہ کسی عوامی دفتر میں نہیں بیٹھ سکیں گے۔ وہ کسی قسم کی مالی سہولیات حاصل کرنے کے لئے بھی نااہل ہوں گے۔ وہ کسی بھی سرکاری اور نجی بینک سے ملزم کوئی قرض اور ایڈوانس وصول نہیں کرسکیں گے۔
Comments are closed.