مریم نواز کو وارننگ دیتا ہوں، میں بولا تو زلزلہ آجائے گا،شیخ رشید

فوٹو:فائل

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) شیخ رشید نے کہا ہے کہ سی پیک کیخلاف سازش کیلئے گٹھ جوڑ لندن میں ہو رہا ہے، مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں بچو، پہلے انہوں نے آپ کو استعمال کیا، اب آپ ان کو استعمال کریں۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے، اپنی بات قائم ہوں کہ (ن) لیگ میں سے (ش) لیگ نکلے گی۔

انھوں نے کہا پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، اداروں کیخلاف نواز شریف کے رویے کی ایک تاریخ ہے، نواز شریف نے قومی اداروں کیخلاف اعلان جنگ کیا۔

شیخ رشید نے مریم نواز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم مجھ پر چار حملے کرچکی ہیں، ایسی خبریں دے سکتا ہوں جن سے زمین آسمان کے قلابے مل جائیں گے اور سیاسی زلزلہ آجائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حلفیہ کہتا ہوں کہ ایک سال دس ماہ کی خاموشی کی وجہ اسلامی دوستوں سے مل کر بارگین کرنا تھا، یہ ایف اے ٹی ایف قوانین میں 34 ترامیم چاہتے تھے، یہ سارے بھارتی ایجنٹ ہیں۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ نوازشریف اقتدار سے محرومی کا بدلہ ملک سےنہ لیں، وہ واپس آئیں گے تو جیل جائیں گے، تیاری کریں، عدالتوں میں جواب دینا ہوگا، نوازشریف بتائیں مودی سےتنہائی میں کیا باتیں کیں، دشمن، منی لانڈرر، اور بھگوڑےکو خطاب کا حق نہیں ہوتا، اس کی جگہ جیل ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا محمد خان جونیجوکے پیٹ میں چھرا نواز شریف نے مارا، مریم نواز کو خاتون ہونے کی وجہ سے استثنیٰ حاصل ہے، مریم نواز بتائیں ان کے والد شدید بیمار تھے، ہسپتال کیوں نہیں گئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کوئی مسلم لیگی پاک فوج کیخلاف نہیں ہوسکتا، نواز شریف تیاری کریں، لندن میں بیٹھ کر سی پیک کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں، فضل الرحمان آپ کو انہوں نے بہت استعمال کیا اب آپ ان کو استعمال کریں۔

وزیر ریلوے نے کہا نواز شریف نے بینظیر بھٹو کی کردار کشی کی، آپ دوسرے ملک سے مودی اور جندال کو فون کرتے تھے، جسٹس سجاد کی عدالت پر حملے کیلئے لاہور سے بسیں بھر کر لائی گئیں۔

انھوں نے کہا یہی ایف اے ٹی ایف قوانین میں 34 ترامیم چاہتے تھے، یہ بارگین کر رہے تھے، اس میں بہت سے اور بھی لوگ شامل ہیں، آپ کی عدالتوں میں پیشی کا وقت ہے۔

Comments are closed.