قانون سازی،پارلیمانی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مفاد کے حوالے سے قانون سازی کے عمل میں دیگر پارلیمانی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ
ملاقات میں قومی اسمبلی میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ کے حوالے سے زیر غور قانون سازی اورمختلف اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آئین و قانون کے تحت عوام کے حقوق کے تحفظ اور فراہمی میں مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، اس ضمن میں موجودہ قوانین میں جو بھی اصلاحات یا ترامیم درکار ہیں اس میں حکومتی اراکین بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ملاقات کے بعد قومی اسمبلی سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے بلائے گئے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس پر بھی اعتماد میں لیا۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتحابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ اپنا بھرپور فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے جب کہ انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔
خیال رہے کہ 12 اگست کو اختتام پذیر ہونے والے دوسرے پارلیمانی سال کے دوران حکومت کے نافذ کردہ آرڈیننس کی تعداد قومی اسمبلی سے منظور شدہ قوانین کی تعداد سے تجاوز کر گئی تھی۔
سرکاری ڈیٹا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کی سخت تنقید کے باوجود قانون سازی کے لیے زیادہ تر آرڈیننس کا سہارا لیا اور گزشتہ پارلیمانی سال میں نافذ کیے گئے 7 آرڈیننس کے مقابلے میں دوسرے پارلیمانی سال کے دوران 31 آرڈیننس جاری کیے۔
Comments are closed.