شہباز شریف ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں، فیاض چوہان
لاہور(ویب ڈیسک )پنجاب کےوزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ، جعلی ٹی ٹیز اور کرپشن کیسز میں ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نےشہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ گرفتاری سے پہلے یہ پریس کانفرنس ایک بجھتے چراغ کی آخری ٹمٹماہٹ کے مترادف ہے انھیں گرفتاری نظر آ رہی ہے۔
انھوں نے کہا قائدِ حزبِ اختلاف اپنی ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ان کو سمجھ آ گئی ہے کہ اب بچنے کے طریقے کم پڑ گئے ہیں.
اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہباز شریف صاحب! آپ کی گرفتاری وزیرِاعظم عمران خان کی ذاتی خواہش یا سیاسی انتقام نہیں، بلکہ آپ کی لازوال، تابناک اور بے مثال کرپشن کے باعث عدالتوں اور احتسابی اداروں کی ضرورت ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کا ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کا دعویٰ عوام کی آنکھوں میں مرچیں جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کھربوں ڈالرز، یوروز، دینار، درہم اور روپے کی کرپشن کی ہے۔
شہباز شریف اپنے بھائی اور بھتیجی کی لگائی گئی آگ بجھانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ اے پی سی میں نواز شریف کی ایک گھنٹے کی تقریر نے شہباز شریف کی دو سالہ محنت زائل کر دی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کوویڈ-19 کے آغاز میں بھی شہباز شریف نے ملکی معیشت کی تباہی کا واویلا مچایا تھا۔ اللہ کے کرم اور وزیرِاعظم عمران خان کی احسن پالیسیوں کی بدولت حکومت اس امتحان میں سرخرو ہوئی۔
Comments are closed.