وزیراعظم کا مرغبانی پروگرام، اسلام آباد میں 250 یونٹ تقسیم کئے گئے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم کےخصوصی پروگرام برائے گھریلو مرغبانی کے تحت اسلام آباد میں مرغبانی کے250 یونٹس تقسیم کئے گئے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خصوصی اقدام کے تحت گھریلو مرغبانی کے فروغ کے لیے لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نے مرغبانی یونٹس کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے ۔
اس حوالے سے قومی ادارہ برائے زرعی تحقیق ( این اے آر سی ) کے کمیونٹی ہال میں تقریب کا اہتمام کیا گیا وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور انھوں نے ہی تقسیم کا آغاز کیا۔
تقریب میں اسلام آبادکے مستحق خاندانوں میں لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 250 مرغبانی یونٹس تقسیم کیے گئے ۔ ایک یونٹ میں 5 مرغیاں اور ایک مرغا شامل ہے جو 30 فی صد رعایتی قیمت پر مہیا کیے جا رہے ہیں ۔
مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی علی نوازاعوان نے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم کے لائیو اسٹاک کے حوالے سے منصوبوں پر بہت تنقید کی گئی اس کے باوجود منصوبے کامیابی سے نہ صرف جاری ہیں بلکہ عوامی سطح پر ان منصوبوں کو پزیرائی مل رہی ہے ۔
علی نواز اعوان نے کہا جلد ہی اسلام آباد میں جدیدطرز کےمذبحہ خانے قائم کیے جائیں گے تاکہ شہر میں معیاری اور تازہ گوشت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ ڈاکٹر فتح اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خصوصی اقدام کے تحت لائیو اسٹاک کے منصوبوں نے پہلے ہی سال اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کیے ہیں ۔
انہوں نےکہاکہ گھریلو مرغبانی کے فروغ سے بنیادی سطح پر انڈے اور پروٹین کی بڑھتی ہوئی طلب کو کافی حد تک پورا کیا جا سکے گا ۔
تقریب میں اسلام آباد لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کےافسران ، پراجیکٹ منیجرز ڈاکٹر شعیب سلیم ، ڈاکٹرمحسن کیانی، ڈاکٹر تابندہ خواجہ ، مرکزی صدر آل پاکستان جمیعت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن خورشید احمد قریشی، پی ٹی آئی رہنما شیراز کیانی و دیگرشریک تھے ۔
Comments are closed.