نیویارک، پارٹی میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی
نیویارک(ویب ڈیسک)رات گئےامریکی ریاست نیویارک میں ایک پارٹی کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک 14 افراد زخمی ہوگئے۔
اے بی سی نیوز نے روچسٹر پولیس ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ نیو یارک کے روچسٹر میں پارٹی جاری تھی جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ پینسلوینیا ایونیو میں رات ساڑھے 12 بجے ہوئی۔
روچسٹر کے پولیس چیف مارک سیمنس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ سے لڑکا اور لڑکی ہلاک ہوئے جن کی عمریں بالترتیب 18 سے 22 سال تھیں ۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے 14 افراد کو دو مقامی ہسپتال میں پہنچادیا گیا۔پولیس چیف نے کہا کہ دیگر متاثرین میں سے کسی کو بھی جان لیوا چوٹ نہیں آئی۔
پولیس نے متاثرہ افراد کے نام جاری نہیں کیے اور نہ ہی کسی ملزم کی شناخت کی۔عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ فائرنگ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں اور ملزم یا مشتبہ افراد کے بارے میں تعین ہوسکے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز ‘ویتنام کی جنگ کی طرح’ لگ رہی تھی۔ اس سے قبل بھی امریکا میں متعدد مرتبہ نائٹ کلبوں یا پارٹیوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جس میں قابل ذکر واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں رونما ہوا تھا۔
یاد رہے رواں برس جولائی میں امریکا کی ریاست کیرولینا میں ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔
فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے تھے۔
بعدازاں امریکی ریاست آرکنساس کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ لٹل راک کے نائٹ کلب میں ریپ شو کے دوران پیش آیا۔
نومبر 2018 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بار اور ڈانس کلب میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والا حملے آور بھی ہلاک ہوگیاتھا ۔
Comments are closed.