موٹر وے زیادتی کیس کچھ گھنٹوں میں منطقی انجام کو پہنچ جائیگا، فیاض چوہان
ویب ڈیسک
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے گجرپورہ موٹروے زیادتی کیس امید ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ کیس منظقی انجام تک پہنچ جائے گا۔
اس حوالے سے ایک بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اس معاملے پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں اور پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا محکمہ داخلہ، پولیس، فرانزک سائنس ایجنسی سمیت تمام ادارے گزشتہ دو دن سے تحقیقات میں مصروف ہیں، درندہ صفت شیطان مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔
فیاض چوہان نے کہا میڈیا اور حکومتی ترجمانوں سے گزارش ہے کہ غلط معلومات کی ترسیل سے اجتناب کریں، صرف وزیر اعلیٰ، وزیرِ اطلاعات، وزیر قانون، آئی جی پنجاب اور محکمہ داخلہ کی جانب سے آنے والے خبر ہی مصدقہ ہوگی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی ممبران اس واقعے پر اپنی طرف سے کوئی پالیسی بیان جاری نہ کریں، صوبائی حکومت کا واحد ترجمان صرف وزیر اطلاعات ہوتا ہے۔
انھوں نے کہاپوری قوم پر امید رہے، بزدار حکومت ملزمان کی گرفتاری کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، انشاء اللہ بہت جلد ان شیطان صفت ملزمان کو قانون کے ذریعے نشان عبرت بنائیں گے۔
یاد رہے9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیاتھا جب دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعہ کے بعد درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔
پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا، اس دوران خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئے اور گاڑی کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
بعد ازاں خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کیا،پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔
Comments are closed.