بھارت میں کورونا کاراج، ایک دن میں 90ہزار نئے کیسز رپورٹ
فوٹو: فائل انڈین میڈیا
نیو دہلی(نیٹ نیوز) بھارت کورونا وائرس سے متاثرہونے والا امریکہ کے بعد دوسرا بڑا ملک بن گیا، اتوار کو ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے مزید 90 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اے ایف پی کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 90 ہزار 632 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 41 لاکھ 13ہزار 811 ہو گئی ہے جبکہ امریکا 62 لاکھ 49 ہزار 163 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔
بھارت میں گزشتہ ایک دن میں ایک ہزار 65 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 70 ہزار 626 ہو گئی ہے، بھارت کے علاوہ کسی بھی ملک میں اب تک ایک دن میں اتنے زیادہ کیسز رپورٹ نہیں ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس اب بھارت کی تمام ریاستوں کا رخ کر چکا ہے اور بے انتہا تیزی سے پھیل رہا ہے،حکام نے وائرس سے صورتحال بے انتہا بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ چھوٹے شہروں، گاؤں اور قصبوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی کے سبب وہاں کے لوگ زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
بھارت میں وائرس کا پھیلاؤ دیکھتے ہوئے مارچ میں سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا جس کے سبب دو ماہ تک معاشی سرگرمیاں تقریباً بند رہیں البتہ کمزور طبقے پر لاک ڈاؤن کے سنگین اثرات کو دیکھتے ہوئے حکومت کے پاس لاک ڈاؤن کے خاتمے کے سوا کوئی چارہ نہ رہا۔
نئے اعدادو شمار کے مطابق اکثر کیسز ریاست مہاراشٹر، تامل ناڈو، آندھرا پردیش، تیلنگانہ اور کرناٹکا سے رپورٹ ہو رہے ہیں،سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹر متاثر ہوئی ہے جہاں اب تک 8 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 26 ہزار سے زیادہ ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عوام نے ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے جیسی پابندیوں کو یکسر نظرانداز کردیا ہے جس سے صورتحال مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔
Comments are closed.