بھارتی فوجی قیادت کے بیانات پر ترجمان پاک فوج کاجواب
فوٹو: فائل
راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے صورتحال انتہائی کشیدہ اور سویلین ہلاکتوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے۔ بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے بیانات غیر سنجیدہ ہیں، لانچ پیڈ سے متعلق بھارتی بیانات بے بنیاد ہیں،عالمی مبصرین کو دعوت ہے کہ آئیں دیکھیں کہاں ہیں لانچ پیڈز؟ ہم انھیں لائن آف کنٹرول کے دورہ کی دعوت دیتے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کا کورونا معاملے پر اہم اور مثبت کردار ہے۔ افواج پاکستان کو سول انتظامیہ کی مدد کے لیے بلایا گیا، ہم ان کے ساتھ مل کر تمام اضلاع میں کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی سپورٹ جاری ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ملٹری ہسپتال بھی میسر ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چینی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے اپنے تجربات ہم سے شیئر کیے، اس تعاون پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت بڑھ رہی ہے۔ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے اور مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے،بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا بخوبی آگاہ ہے۔ ادھر دوسری جانب کرتارپور راہداری سمیت دیگر اقدامات کو اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا نے سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج میں بھی سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ فوج میں ڈسپلن اہم ہوتا ہے اس لیے عملدرآمد میں مسئلہ نہیں، رمضان میں نماز تروایح گھر پر ادا کر رہا ہوں، ویکسین کی ایجاد تک ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔
Comments are closed.