مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں ، شہریار اکبر خان

جدہ (ابرار تنولی) پاکستان قونصلیٹ اور کشمیر کمیٹی جدہ کی جانب سے کشمیریوں کے حقیقی نمائندے غلام محمد صفی کے اعزاز میں ایک پروکار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا کہ کشمیری 27 اکتوبر 1947 کے بعد سے بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ھیں۔ اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بذات خود اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہد میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جس پر ہم انکے شکرگزار ھیں۔ شہریار اکبر نے مزید کہا حکومت پاکستان اس بات کی یقین دہانی کراتی ہے کہ وہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور انکی جائز جدوجہد کے لئے ہر پلیٹ فارم پر انکی آواز بلند کرتی رہے گی ۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی عسکر مے سینوو نے تقریب میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ھم نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھر پو ر انداز میں مذمت کرتے ھیں اور اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ اسلامی کانفرنس تنظیم حق خود ارادیت کے حصول لئے کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
کشمیریو ں کے حقیقی نمائندے غلام محمد صفی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ نہتے کشمیریوں پر ہندوستان جتنے بھی مظالم ڈھالے انکے پائے استقامت میں لرزش نہیں آئے گی۔ نہتے کشمیریوں کی ہندوستانی مظالم کےخلاف جدوجہد کو 7 دہائیاں بیت گئی مگر ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہوئے۔ ہندوستانی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ مسلح افواج کے ہاتھوں کشمیری مسلمانوں پر ظلم کا ہر حربہ آزمایا جائے تاکہ انکی ہمت کو پست کیاجاسکے ۔ان تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہو ئے بلکہ ہر ظلم کے بعد اہل کشمیر کا جذبہ حریت مزید بڑھ جاتا ہے ۔ بھارت کے خلاف یہ جدو جہد جاری رہے گی ،کیونکہ یہ ہمارے دین و ایمان اور موت و حیات کا مسئلہ ہے۔
ہندوستان یہ مغالطہ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ جموں و کشمیر میں اور بھی سوچوں کے حامل افراد ہیں ۔جودراصل جموں و کشمیرکے نظرئیے کو تقسیم کرنے کی سازش ہے ۔یہ بات کسی طور قابل قبول نہیں کیونکہ جموں و کشمیر میں اکثریت مسلمانوں کی ہے اور وہ اپنا حق خود ارادیت حاصل کر کے ہی رہیں گے۔
کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود پوری نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر کا یقین دلایا کہ تنازعہ کشمیر کو ہر پلیٹ فارم پر بلند کیاجاتا رہے گا اورکشمیر کمیٹی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ہر دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔

 

Comments are closed.