سی این جی ساڑھے12فی لٹر،پٹرول و ڈیز ل15روپے فی لٹر سستا
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے 30 روپے تک کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،رات بارہ بجے کے بعد نئی قیمتوں کااطلاق ہو گا۔
خلاف توقع حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں متوقع کمی نہیں کی گئی ، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر گر جانے کے بعدتوقع کی جارہی تھی کہ حکومت پٹرول میں30یا 15روپے ریلیف دے گی لیکن عوام تک فائد ہ منتقل نہیں کیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27 روپے 15پیسے کمی کے بعد80 روپے 10 پیسیفی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ 30.01 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 77.45 سے کم ہوکر 47.44 روپے ہوگئی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 روپے کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 47.51روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
اس دفعہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے پیٹرول 20 روپے 68 پیسے سستا کرنے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے94 پیسیکمی کی سفارش کی گئی تھی۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 24 روپے57 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 44 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی،اس سے پہلے بھی جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع تھی تو حکومت نے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ ماہ 25 مارچ کو بھی وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل
15 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اوگرا کی طرف سے مئی 2020ء کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، ایل پی جی کی قیمت میں 22روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 90 روپے سے بڑھ کر 112 فی کلو ہو گئی ہے۔
گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 256 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1067روپے سے بڑھ کر 1323روپے ہو گئی ہے ، پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی قیمت 12.50 فی لیٹر کم کی گئی ہے۔
چیئر مین سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سی این جی کی نئی قیمت کا اطلاق یکم مئی سے ہو گیاہے سی این جی کی نئی قیمت تقریبا 72 روپے فی لیٹر ہو جائیگی، عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمت میں کمی کے مقامی مارکیٹ میں کمی گئی ہے۔
Comments are closed.