اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی سفارش کردی
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بار بار گرنے کے بعد پاکستان میں بھی بڑی کمی کئے جانے کاامکان ہے اوراوگرا نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات 44 روپے فی لیٹر تک کمی کرنے کی سفارش کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہے اور یکم مئی کا سورج طلو ع ہونے سے پہلے کمی ہونے کا امکان ہے۔
حکومت پٹرولیم مصنوعات میں کتنی کمی کی منظوری دیتی ہے اس کا تو پتہ نہیں ہے تاہم اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 68 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33 روپے94 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی سمری میں لائٹ ڈیزل آئل 24 روپے57 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 44 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد 30 مارچ کو وزارت خزانہ قیمتوں میں کمی کا اعلان کریگی، عالمی منڈی میں
تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آئی ہیں۔
حکومت کے پاس کورونا وائرس کے باعث عوام کو درپیش بے شمار مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ریلیف دینے کا بہترین موقع ہے ،اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سمری کے مطابق کمی ہو گئی تو دیگر اشیائے خورد نو ش کی قیمتوں میں بھی کمی کے امکانات ہیں۔
Comments are closed.