کورونا سے جاں بحق ہیلتھ ورکرز کو شہید کا درجہ ، 1کروڑ مالی مدد
فوٹو:سکرین گریب
ئاسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا کے خلا ف بر سر پیکار ہیلتھ ورکرز کے کورونا سے جاں بحق ہونے پر اسے شہید کا درجہ دینے کا اعلان، وفاقی حکومت نے ہیلتھ ورکرز کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران تفصیلات تے آگا ہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ اور فلاح وبہبود کے لیے حکومت فکرمند ہے اسی لئے یہ فیصلے کئے گئے۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا کے مریض کی دیکھ بال کے دوران انتقال کرجانے والے ہیلتھ ورکرز کو شہید کادرجہ دیاجائیگا اور اس کے اہلخانہ کے لیے شہیدکی طرح 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک امدادی پیکج دیا جائے گا۔
ظفر مرزا کے مطابق وفاقی حکومت کے اعلان کردہ اس امدادی پیکج کا اطلاق اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہوگا، جاں بحق ہیلتھ ورکرز کے ورثاء کے لیے 100 فیصد پنشن اورسرکاری گھربرقرار رکھاجائیگا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 14 ہزار سے زائد اور اموات 330 سے بڑھ چکی ہیں، کورونا وائرس کے باعث متعدد ڈاکٹر اورطبی عملے کے اہلکار کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 3 ڈاکٹر جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔
وفاقی کابینہ نے امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے جس کی مزید تفصیلات ابھی طے ہو نا باقی ہیں ،فی الحال صوبوں میں خدمات انجام دینے والوں کو پیکیج کاحصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اس پیکیج کے اطلاق کے بعد صوبوں کی طرف سے تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کرے گی اوراس بات کا امکان ہے کہ صوبوں کی طرف سے اس پیکیج کا دائرہ بڑھانے کا مطالبہ سامنے آئے گا۔
Comments are closed.