شبلی فراز وزیر اطلاعات مقرر، فردوس عاشق کی جگہ عاصم باجوہ نے لے لی
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈا ٹ کام)سینیٹر شبلی فراز کو وزیراطلاعات و نشریات مقرر ،فردوس عاشق کو ہٹا کر ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنادیاگیا۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات اور پاک فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی بنانے کی تصدیق کی ۔
Truly an honorable and dignified man @shiblifaraz has been appointed new Information minister of Pak, and a brilliant @AsimSBajwa appointed SAPM on info both ll make a great team…. all the best
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 27, 2020
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے عاصم سلیم باجوہ اس وقت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کو فواد چوہدری کے وزارت اطلاعات سے تبدیل ہونے کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات کی ذمہ داری دی گئی تھی تاہم حکومت نے اب ان کی خدمات واپس لے لی ہیں۔
شبلی فراز پاکستان کے معروف شاعر فراز احمد فراز کے صاحبزادے ہیں اور2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے وہ ایوان بالا میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اور تجارت اور قائمہ کمیٹی برائے گردشی قرضہ کے چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
Comments are closed.