بے روزگاروں اور چھوٹے کاروبارکیلئے 75ارب روپے پیکیج کااعلان
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملازمتوں سے بے روزگار ہونے والوں اورکورونا وائرس و لاک ڈاون سے کاروبار سے متعلق دو پیکیجز منظور کئے ہیں ، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کہتے ہیں بے روزگار ہونے والوں کیلئے75ارب روپے کاپیکیج منظورکیا گیاہے۔
حماد اظہر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں ای سی سی کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صنعت ،کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق جو پیکیجز ای سی سی نے منظورکیے ہیں یہ وفاقی کابینہ میں پیش کیے جائیں گے، کابینہ سے منظوری کے بعد پیکج کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے بتایا کہ ملازمتوں سے بے روزگار ہونے والے خودکو پورٹل پر رجسٹرڈ کرائیں، احساس پروگرام اور وزرات صنعت و پیدوار پورٹل لانچ کرے گی، پیکج کے تحت بے روزگار ہونے والوں کو فی کس 12 ہزار روپے دیے جائیں گے جب کہ دوسرے پیکج کے تحت چھوٹے کاروبار والوں کے 3 ماہ کا بل حکومت اداکرے گی اس طرح 80 فی صد صنعتیں مستفید ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 6کروڑ گھرانے ہیں اور ہم ایک کروڑ 70 لاکھ گھرانوں تک امداد پہنچائیں گے، چھوٹے کاروبار لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد جب بھی اپنا کام دوبارہ شروع کریں گے تو ان کا تین ماہ کا بل حکومت ادا کرے گی، اس پیکیج سے 35 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا جن میں چھوٹی دکانیں، درزی، مارکیٹیں اور چھوٹی صنعتیں شامل ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ اس پالیسی سے 5 کلو واٹ کمرشل کنشکن والے کاروبار اور 70 کلو واٹ والے صنعتی کنکشن مستفید ہوں گے، اس سے ملک کے 95 فیصد کاروباروں اور 80 فی صد صنعتوں کو فائدہ ہوگا، ان کاروباروں کے پچھلے سال مئی، جون اور جولائی کے بجلی کے بلز کی جتنی مجموعی رقم بنتی تھی، اتنی رقم ان کے مئی کے بلز میں لوڈ کردی جائے گی، تاکہ وہ بجلی استعمال کرسکیں۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اس پیکیج کا حجم 50 ارب روپے ہے جو آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کراچی میں کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا، وزارت خزانہ ان محکموں کو ادائیگی کرے گی تاہم وفاقی وزیر کے مطابق یہ سارا عمل پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کیلئے ہو گا انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ پہلے سے پورٹر پر رجسٹرڈ شدہ افراد اس میں شامل ہوں گے یا نئے سرے سے رجسٹر ڈ کرائیں گے۔
Comments are closed.