پاکستان میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بندش میں 15 مئی تک توسیع
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کردی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ توسیع 15 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک کے لیے کی گئی ہے۔
ترجمان وزارت ہوابازی کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بین الاقومی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15 مئی تک توسیع کی ہے تاہم اس دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی.
ترجمان کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز کے ذریعے یکم سے 10 مئی تک 4 ہزار 3 سو 70 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ اس دوران مختلف ممالک میں محصور پاکستانیوں کے لیے 36 فلائٹس چلائی جائیں گی۔
یہ تمام پروازیں سعودی عرب، قطر، بحرین، ترکی، کینیا، سوڈان اور انگلینڈ سے پاکستانیوں کو واپس لائیں گی، پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پروازوں پر عائد پابندی میں تیسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے.
اس سے قبل پابندی 14 اپریل تک لگائی گئی تھی جس میں 21 اپریل تک توسیع دی گئی تھی پھر 30 اپریل تک توسیع ہوئی اب 15 مئی تک توسیع کی گئی ہے ۔
Comments are closed.