ایبٹ آباد، 70کروڑ روپے سے سڑک کا کام جون میں شروع ہوگا
ایبٹ آباد ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پی کے حکم پر 70کروڑ روپے سے ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں بڑا ہوتر ،نملی میرا اور دیگر یونین کونلوں کی سڑک ترجحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اس حوالے سے وزیر اعظم آفس کے لیے کامیاب جوان اسٹارٹ اپ پاکستان کے فوکل پرسن شہزاد گل کی وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب خان اورکمیشن اینڈ ورک ڈیپارٹمنٹ پشاور کے سیکرٹری انجینئر انصر کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے۔
اس دوران دونوں شخصیات نے شہزاد گل کو یقین دہانی کرائی کہ فوری طور پہ مذکورہ علاقوں میں سڑکوں کے تعمیراتی کام کے لیے فنڈز ریلیز کیے جارہے ہیں، جبکہ سیکرٹری کمیشن اینڈ ورک ڈیپارٹمنٹ پشاور نے بتایا کہ وزیر اعظم آفس اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے اس حوالے سے احکامات بھی موصول ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احکامات کے مطابق مجموعی70 کروڑ روپے کی اے ڈی پی سکیم میں مذکورہ سڑک کو ترجیحی بنیادوں پہ تعمیر کیا جائے گا، اور یہ سڑک شیرآباد سے فوری طور پہ تعمیر کے مرحلے میں آرہی ہے۔
اس سڑک پہ کچھ کام جون سے پہلے اور پھر دوسرے مرحلے میں اکتوبر تک باقی ماندہ سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ اگلے مالی بجٹ میں سے بھی اس تعمیراتی کام کے لیے رقم مختص کرائے جاسکیں۔
ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بڑا ہوتر، درّہ اور اسکی ملحقہ نواحی یونین کونسلوں نملی میرا، پھلکوٹ، بیرن گلی اور سربھنہ کے عوام کے لیے یہ ایک بڑا ریلیف ہے سڑک کی تعمیر کے لئے فنڈ کی یقین دہانی سے امید ہو چلی ہے کہ دیرینہ مسلہ حل ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور ماہِ رمضان میں تعیراتی کاموں میں کام کی سست رفتار کی وجہ سے اسے بہت جلد مکمل کرنا شاید ممکن نہ ہو لہذا امسال اکتوبر تک یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔
یاد رہے کہ علاقہ مکینوں کے پرزور اصرار پر وزیر اعظم آفس کے لیے کامیاب جوان اسٹارٹ اپ پاکستان کے فوکل پرسن شہزاد گل کی ذاتی دلچسپی کی بناء پر یہ سڑک 2018 ء میں منظور ہوئی اور اس پہ کام کے آغاز کا انتظار تھا، اس حوالے سے انہوں نے وفاقی وزیر عمر ایوب کے بھی نوٹس میں لایا جس پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
Comments are closed.