امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کا ٹیلی فونک رابطہ
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوروزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا ء کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا،عالمی معیشت پر اس کے اثرات بھی زیر بحث آئی۔
دونوں صدور کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان پاک امریکا تعلقات کی بہتری پربھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے باعث امریکا میں ہونے والی ہلاکتوں پر دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا، عمران خان نے کہا پاکستان کو کورونا کے باعث دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان لاک ڈاؤن کے دوران کمزور طبقات کی جان بچانے کے چیلنج سے نبرد آزما ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو کورونا وبا کے باعث اپنے 8 ارب ڈالرز کے پیکج سے آگاہ کیا اور کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو قرض کی ادائیگی کے ضمن میں عالمی اقدام کی ضرورت ہے۔ گفتگو میں مستحکم افغانستان کیلئے سیاسی حل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
امریکی صدر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور وزیراعظم عمران خان کو کورونا ٹیسٹ کیلئے جدید ترین مشین بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔
وزیراعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور دیگر حلقوں میں امریکی حمایت کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو ضروری مالیاتی جگہ مہیا ہوگی اور وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
علاقائی تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور سیاسی تصفیے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کی سہولت کے لیے پاکستان کی حمایت کی تصدیق کی اور اگلے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس کے نتیجے میں جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں پاکستان کو امریکی امداد کا بھی یقین دلایا جس میں وینٹیلیٹرز کی دستیابی کے ساتھ معاشی میدان میں امداد شامل ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے وائرس سے متعلق طبی ٹیسٹ کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طبی نتائج کے لیے جدید ترین تیز رفتار ٹیسٹنگ مشین وزیر اعظم کو بھیجنے کی پیش کش کی۔
یاد رہےپاکستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہزار 136 ہوگئی جبکہ 209 افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔
Comments are closed.