راحت فتح علی سعودی عرب میں فن کا مظاہرہ کر یں گے
الریاض (ابرار تنولی) معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان سعودی دارالحکومت الریاض میں 2 نومبر کو اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستانی کمیونٹی میں جوش و خروش نظر آرہا ہے۔
سعودی عرب میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام 2 نومبر کو سعودی دارالحکومت الریاض میں ایک میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ انڈین اور دیگر اردو بولنے اور سمجھنے والے افراد میں بھرپور جوش و خروش پایا جاتا ہے راحت فتح علی خان کو سننے کیلئے پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد بے چینی سے انتظار کر رہی ہے۔
کنسرٹ کا اہتمام ریاض کے معروف کنگ فہد کلچرل سنٹر کے وسیع و عریض ہال میں کیا جا رہا ہے ، اس موقع پر پاکستانی کھانوں اور لائیو بار بی کیو کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے تاکہ شائقین موسیقی کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے دیسی کھانوں سے مستفید ہو سکیں ۔
سفارتخانہ پاکستان سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ انہیں تفریحی مواقع بھی فرائم کرتا ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ سالوں میں معروف پاکستانی گلوکار عارف لوہار، رحیم شاہ ، استاد حامد علی خان کے پروگرام منعقد کئے جا چکے ہیں
۔2نومبر کو منعقد ہونے والے پروگرام کے ٹکٹ سفارتخانہ پاکستان، پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ، پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن کے ساتھ ساتھ ریاض میں موجود پی آئی اے کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
پروگرام میں شرکت کی اجازت صرف ٹکٹ کے حامل افراد کو ہوگی اور شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حال کو مختلف ذونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور شائقین کو ذون کے حساب سے مختلف رنگوں کے ٹکٹس جاری کئے جائیں گے تاکہ رش اور بدنظمی سے بچا جا سکے۔
Comments are closed.