مظفرآباد، مستقل پولیس اہلکاروں کا کنٹریکٹ والوں پر لاٹھی چارج
مظفرآباد(ویب ڈیسک)آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں پولیس نے ہی پولیس پر لاٹھی چارج کر دیا ، درجنوں اہلکار زخمی ہوگئے۔
جمعرات کو مظفرآباد پریس کلب کے باہر پولیس اہلکار گتھم گتھاہو گئے اور ایک دوسرے پر لاتوں، ڈنڈوں، پتھروں اور گھونسوں سے حملے کے بعد کرسیاں بھی ماریں۔
احتجاج کے دوران ایک طرف 500 سے زائد کنٹریکٹ پولیس اہلکار تھے جو 8 مہینوں سے تنخواہوں اور ملازمتیں مستقل کئے جانے کے منتظر تھے تو دوسری طرف مستقل پولیس اہلکار تھے۔
ہنگامہ آرائی کے دوران درجنوں اہلکار زخمی ہوئے جب کہ 30 سے زائد کنٹریکٹ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ دس، دس سال سے محکمہ پولیس میں ملازم ہیں اور گزشتہ 8 مہینوں سے ان کی تنخواہیں بھی نہیں دی جا رہیں۔
لاٹھی چارج کے بعد ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ احتجاجی پولیس اہلکاروں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور وردی میں احتجاج کرکے قانون شکنی کی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مظاہرین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی بھی کرادی گئی تھی اس کے باوجوداحتجاج ختم نہیں کیا گیا۔
Comments are closed.