علمائے کرام کی مشاورت سے رمضان کا لائحہ عمل بنائیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)ممتاز عالم دین اور مبلغ مولانا طارق جمیل نے کورونا وبا کے دوران وزیراعظم عمران خان سے دوسری ملاقات کی اور حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے۔ اس سلسلے میں بہت جلد علماء کے وفد سے خود ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کا مقصد عوام کو ایک ایسی وبا سے محفوظ رکھنا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ عوام کو محفوظ بنایا جاسکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔ ماہ رمضان کے پیش نظر علمائے کرام کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
اس موقع پر مولانا طارق جمیل کے مہلک کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو خودبھی احتیاط کرنی چایئے تاکہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مولانا طارق جمیل سے کہا کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے چلائی جانے والی مہم کا حصہ بنیں تاکہ اس وبا کے خلاف لوگوں میں شعور اجاگر ہو سکے۔
Comments are closed.