وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مفتی منیب الرحمان پر طنز کا نشتر چلا دیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر چاند کی بحث چھیڑ دی لگے ہاتھوں عالم دین مفتی منیب الرحمان پر بھی طنز کا نشتر چلا دیا، بولے ان کوبڑا چاند نظر نہیں آتا چھوٹا کرونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کی طرف سے کئے گئے ٹویٹ پر کہا گیا ہے کہ مولانا منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں اور ان کا احترام بھی ہے، لیکن ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقی لوگوں سے کیا توقع رکھی جاسکتی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رمضان کا 24 اپریل کو نظر آجائے اور پہلا روزہ 25 اپریل کو ہو گا، پہلے ارادہ تھا کہ اس بار چاند دیکھنے کے لئے عوام کو اکٹھا کریں گے، لیکن کورونا نے ہر اجتماع منسوخ کرا دیا، تاہم اگر آئندہ سال موقع ملا تو چاند رات کو تقریب کا انعقاد کریں گے.
خیال رہے گزشتہ روز علمائے کرام کی پریس کانفرنس میں مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا اور فاصلہ رکھنے کے طبی مشورے پر عمل کیا جائے گا، نماز جمعہ اور نماز تراویح کا باجماعت اہتمام ہوگا اور عبادات کا سلسلہ جاری و ساری ہوگا۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ مساجد میں سینیٹائزر اور جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا، اگر اداروں کو کھولنا ضروری ہے تو مدارس اور مساجد کو کھولنا ہماری دینی ضرورت ہے، دینی ضرورت سب سے مقدم ہے اور مقدم ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری اس سے قبل بھی مفتی منیب الرحمان اور رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے آئے ہیں اور ان کی وزارت نے گزشتہ سال قمری کیلنڈر تیار کرنے کے ساتھ چاند دیکھنے کے لیے ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی تھی۔
Comments are closed.