موبائل کمپنیوں نے کورونا متاثرین کو 5 کروڑ 16 لاکھ کا ٹیکہ لگا دیا
فوٹو : فائل
اسلام آباد(ولید بن مشتا ق)موبائل کمپنیوں نے حکومتی چھتری تلے احساس ایمر جنسی کیش میں رجسٹریشن کی آڑ میں غریبوں کو ایس ایم ایس رجسٹریشن کی مد میں 5 کروڑ 16 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگا دیا۔
کوروناوائرس کےباعث ملک بھر میں لاک ڈاون ہے اور کاروبار زندگی معطل ہے، دیہاڑی دار بے روزگار اورگھروں میں چولہے ٹھنڈے ہیں لیکن ملٹی نیشنل کمپنیز کی رجسٹریشن کے نام پر لوٹ مار جاری ہے۔
حکومت نے عوام کے پیسوں سے ان ہی کی مدد کا اعلان تو کیا لیکن غریبوں کے لٹنے پر بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے حکومت نے دیہاڑی دار غریب کی امداد کے بجائےاحساس ایمرجنسی کیش کی رجسٹریشن کے لیے 8171 پر ایس ایم ایس کی مد میں کروڑوں روپے بٹور لیے ۔
معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش کی رجسٹریشن کیلئے 4 کروڑ 30 لاکھ 44 ہزار 60 افراد نے ایس ایم ایس کیے۔
اس حوالے سےرابطہ کرنےپرحکام نے تصدیق کی کہ رجسٹریشن کے لیے کیے جانے والےایس ایم ایس کی مد میں اب بھی 1 روپے 20 پیسے فیس وصولی کی جارہی ہے۔اب تک رجسٹریشن کے عمل سے موبائل فون کمپنیز اورحکومت کو غریب عوام سے 5 کروڑ 16 لاکھ وصول چکے ہیں۔
بے روزگار محنت کش اور غرباء کو "احساس ایمرجنسی کیش” ملنے سے امداد سے قبل ہی چپکے سے ٹیکہ لگا دیا گیا ہے اور
موبائل کمپنیز نے 5 کروڑ 16 لاکھ کمائے ہیں.
دوسری طرف سسٹم میں اندھے پن کی نشاندہی ہوئی ہے، مالی مدد کیلئے ایس ایم ایس کرنے والے ان افراد کو بھی سسٹم نے لال جھنڈی دکھائی ہے جنھوں نے عزیزوں اور دوستوں سے ادھار پیسے لے کر بینک میں جمع کیے تھے.
سسٹم نے ان افراد کو بھی مالی مدد کیلئے نااہل قرار دے دیا ہے جن کے نام، گاڑی، مکان یا پلاٹ ہیں لیکن وہ یہ اثاثے فروخت کر چکے ہیں مگر کاغذات میں وہ ان اثاثوں کے مالک ہیں، مشین ایسے افراد کو پرکھنے میں محروم ہے.
Comments are closed.