برطانوی وزیراعظم انتہائی نگہداشت منتقل،وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری راب کے سپرد
ویب ڈیسک
لندن:برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور انھوں نے سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب سے کہا ہے کہ وہ ان کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم
کے دفتر 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان کے مطابق بورس کو انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کرنے اور ڈومینک راب کو ذمہ داری سنبھالنے کا کہا گیا ہے.
بورس جانسن میں 27 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 73,917 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومنِک راب نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن ہسپتال میں ہونے کے باوجود اب بھی ملک کے انچارج ہیں۔
ادھر جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، فرانس میں وبا کے آغاز کے بعد سے 24 گھنٹوں میں ملک میں اب تک کی سب سے زیادہ 833 اموات پیر کو رپورٹ کی گئیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں کورونا وائرس سے 1150 اموات ہوئی ہیں، جو کہ اب تک کسی بھی ملک میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
پیر 6 اپریل کو سپین میں 630 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 10783 ہو گئی ہے، متاثرہ افراد کی تعداد 367000 ہے جبکہ اب تک 19600 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں 30 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، فرانس میں کورونا وائرس سے مزید 833 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جو اب تک فرانس میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک کوونا وائرس کے 13 لاکھ کیس سامنے آ چکے ہیں جبکہ 75 ہزار افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.