مسافر ٹرینوں کی آمد ورفت غیر معینہ مدت تک معطل
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردی گئی ہے وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن رکنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ٹرین آپریشن کورونا وائرس کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر ان دنوں کسی مسافر کی کسی ٹرین سے بکنگ تھی تو وہ ٹکٹ کا مکمل ریفنڈ لے سکتا ہے
وزارت ریلوے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ یہ فیصلہ 24مارچ کوٹرین آپریشن 31مارچ تک روکنے کے فیصلے کا تسلسل ہے ، اعلیٰ حکومتی حکام نے آپریشن معطل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ریلوے کے تمام ڈویژنل ریزرویشن دفاتر کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ اس دوران کسی قسم کی مسافروں کی بکنگ نہ کریں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مسافر ٹرین آپریشن بحال ہونے پر کسی بھی ٹرین میں سفر کرنا چاہے تو اس کی اسے سہولت حاصل ہوگی۔
دریں اثناء باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینیں غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کردیا .
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تمام طبی سہولیات سے لیس 310 بیڈز پر مشتمل ٹرین کوچز قرنطینہ وارڈ میں تبدیل کردی گئیں ،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عارضی قرنطینہ میں ہمہ وقت طبی عملہ موجود رہے گا.
آئسولیشن سہولیات کی فراہمی کے لیے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سمیت ملک بھر کے 570ریلوے اسٹیشنز پر سات ہسپتال قائم کردیئے گئے ،
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ فی الوقت پسنجر ٹرینیں نہیں چلا رہے اور یہ تاحکم ثانی نہیں چلائی جائیں گی تاھم ٹرین سروس بحالی سے 72یا 24گھنٹے قبل بکنگ کھولی جائے گی .
مال بردار ٹرینیں ملک بھر میں چل رہی ہیں اور دالیں ،گھی ،چاول ،تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل کے لیے پاکستان ریلوے ایک کلیدی کردار ادا کررہاہے ،ریلوے کے 65ہسپتال اور ڈسپنسریاں ہیں جن میں 8بڑے ہسپتال جبکہ دیگر ملک بھر میں ڈسپنسریاں ہیں ۔
ان تمام کو بھی کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے تفویض کردیا گیا ہے ،جس صوبے میں بھی یہ ہوں اس صوبے کی حکومت یہ لے سکتی ہے ،7ریلوے اسٹیشنز پر وینٹی لیٹر کے ساتھ ہسپتال فعال کردیئے گئے ہیں.
Comments are closed.