پاکستان میں کروناوائرس سے 28اموات کی تفصیلات
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28ہو گئی ہے، 29مارچ کو5اور30مارچ کو6افراد لقمہ اجل بنے ،یکم اپریل کو2 افراد جاں بحق ہوئے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر کورونا وائرس کے باعث مزید ایک ہلاکت کی تصدیق کی، کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں سندھ میں 2، خیبر پختونخوا اور پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک،ایک متاثرہ مریض دم توڑ گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔
18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے جبکہ بعد میں ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔
جب 20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو تعداد 3 ہوئی تھی
22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی جاں بحق ہو گئے.
23 مارچ کو بلوچستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔ 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔
پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلی موت تھی۔
اس کے بعد 25 مارچ کو راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں، 26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا، 27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔
اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔
28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔
گزشتہ روز یعنی 29 مارچ کو ملک میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی، وزیرصحت سندھ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خیبر پختونخوا میں 29 مارچ کو ایک اور ہلاکت ہوئی، محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں اسی طرح
پنجاب میں بھی ایک اور موت ہوئی جو اس روز کی چوتھی جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کی چھٹی ہلاکت تھی۔
29 مارچ کو ہی گلگت بلتستان سے بھی ایک اور فرد کی موت کی تصدیق ہوئی جو اس روز کی پانچویں موت تھی، اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ میڈیکل عملے کا ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا ہے۔
پیر 30مارچ کو مزید 6افراد لقمہ اجل بنے جن میں سے 3 پنجاب اور 3 سندھ میں جاں بحق ہوئے،ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پیر کو مرنے والوں کی عمریں 70,55اور42سال تھیں ، دو کی ٹریول ہسٹری بھی موجود تھی۔
سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا کے مطابق کراچی میں 63سالہ خاتون جاں بحق ہوئیں ، دیگر دو کاتعلق بھی کراچی سے تھا اور66اور52سالہ مریضوں زیر علاج تھے تاہم جانبر نہ ہوسکے۔
منگل 31 مارچ کو2 افراد سندھ جبکہ ایک خیبر پختونخوا میں جاں بحق ہوا۔ صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا اور منگل کو دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔
کراچی میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کراچی کا 70 سالہ رہائشی بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جس میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی، فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی کوروناوائرس کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی تھی۔
یکم اپریل 2020 کو کورونا وائرس سے پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ کورونا وائرس سے بدھ کو پنجاب میں ایک اور ہلاکت ہوئی جس کے بعد صوبے میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
ادھر سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے ان کا کہنا تھا کہ 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا وہ بدھ کو انتقال کرگیا۔
Comments are closed.