نواز شریف اور مریم نواز گرفتار، اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد(ویب ڈیسک )ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل پہنچا دیاگیا۔
اس سے قبل نواز شریف اور مریم نواز نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائی 243 کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ ایئر پورٹ پر نیب کی ٹیم نے دونوں کو گرفتار کرلیا اور خصوصی طیارے کے زریعے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچایاگیا۔
نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیاگیا جس کے بعد مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاوٴس منتقل کیا جائے گا جب کہ نواز شریف اڈیالہ جیل میں ہی رہیں گے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے سہالہ ریسٹ ہاوٴس کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا پہلے نوٹیفکیشن میں دونوں کو سہالہ ریسٹ ہاوس منتقل کرنے کا کہا گیا تھا جب کہ پھر وہ منسوخ کرکے صرف مریم نواز کو سہالہ منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تین رکنی ٹیم نے بھی مریم نواز اور نواز شریف کے پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔
ادھر احتساب عدالت کے جج نے نیب کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نواز کو جیل بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔
اس سے قبل احتساب عدالت نے نوازشریف اور مریم نواز کی قید کے وارنٹ جاری کئے ،نیب پراسکیوٹر سردار مظفر عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیکیورٹی رسک کی وجہ سے گرفتار ملزمان کو زیادہ دیر تک نیب یا پولیس کی تحویل میں نہیں رکھا جاسکتا۔
Comments are closed.