عمران خان ،شاہد خاقان سمیت 13 امیدواروں کو شو کاز نوٹس جاری
اسلام آباد(وقار فانی مغل )وفاقی دارالحکومت کے تین حلقوں میں انتخابی مہم زوروں پر ہے،پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے الیکشن دفاتر قائم کر کے شہر اقتدار میں رنقیں بڑھا دی ہیں۔
بینروں اور پرچموں کے علاوہ پینا فلیکس جا بجا لٹکے نظر آتے ہیں مگر اس بار حیرت کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن کافی متحرک ہے، الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ آفیسرز تعینات کیے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی کی فوری رپورٹس جاری اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔
ضابطہ اخلاق کے بر عکس سائز سے ہٹ کر بنائے گئے بینر اتارے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی ورزی پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اشتہاری مہم میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 13 امیدواروں کو شو کاز نوٹس جاری کئے۔
اسد عمر، انجم عقیل خان،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، میاں اسلم، زبیر فاروق، چوہدری رضوان سیفی، راجہ خرم نواز، افضل کھوکھر، راجہ عمران اشرف، ڈاکٹر محمد امجد چوہدری اور سید سبط الحسن شاہ سے کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر خلاف قانون اشتہارات ہٹائے جائیں۔اشتہارات نہ ہٹائے گئے تو قانونی کارروائی کیلئے کیس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائے گا۔
Comments are closed.