کیپٹن صفدر گرفتار ،آج عدالت پیش کیا جا ہے گا
راولپنڈی( ویب ڈیسک )ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے ایک سال قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے۔
اس حوالے سےنیب اعلامیے کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر گرفتاری سے بچنے کے لیئے آبائی گاؤں میں روپوش رہے جس کے بعد نیب نے گرفتاری کے لیے مانسہرہ ایبٹ آباد اور ہری پور میں چھاپے مارے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ادھر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کیپٹن (ر) صفدر کو تحفظ دینے والوں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راول پنڈی عرفان ماگی سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاری میں رکاوٹ بننے والوں کی نشاندہی کی جائے، پنجاب پولیس سے پوچھا جائے کہ دفعہ144 کی خلاف ورزی کیسے ہوئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان ایک مجرم کے پاس کیسے پہنچ گئے۔
ترجمان نیب نے بتایا کہ ڈی جی نیب کو معاملے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ میڈیکل ٹیم نے کیپٹن (ر)صفدر کا میڈیکل چیک اپ مکمل کرلیا جس میں ان کو صحت مند قرار دے دیا گیا ہے۔
نیب کو گرفتاری میں لیگی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، کئی بار کوششوں کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو نیب آفس پہنچانے میں کامیابی ملی۔
نیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے رضاکارانہ گرفتاری دینی تھی تو پہلےدن ہی دیتے، سزا یافتہ مجرم کی تشہیر سے میڈیا گریز کرے۔
نیب نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والا مجرم خود کو نیک ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی معاونت کرنے والوں اور پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ ان کی شناخت ویڈیوز کی مدد سے کی جائے گی ۔
اس سے قبل کیپٹن (ر) محمد صفدر گرفتاری دینے کے لیے راولپنڈی میں (ن) لیگ کی ریلی میں اچانک آگئے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے آڈیو بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ آج نیب کو اپنی گرفتاری دے دیں گے تاہم انہوں نے اپنا مقام خفیہ رکھا۔
ریلی میں چوہدری تنویر، ملک ابرار، شکیل اعوان اور دیگر مقامی پارٹی رہنما موجود تھے جس میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
Comments are closed.