نگران وزیراعظم ناصر الملک نے حلف اٹھا لیا، کابینہ مختصر ہوگی، ناصر الملک
اسلام آباد(ویب ڈیسک) نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے حلف اٹھالیا کہتے ہیں جس کام کے لیے آئے ہیں اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، انتخابات بروقت اور شفاف ہوں گے۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے سابق چیف جسٹس ناصر الملک سے نگراں وزیراعظم کا حلف لیا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت سابق کابینہ وقومی اسمبلی ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، صوبائی گورنرز، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں شریک تھے۔
نگراں وزیراعظم تقریب حلف برداری کے بعد ایوان صدر میں موجود تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت سابق اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں
بعد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا کہ جو ذمہ داری سونپی گئی احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔صلاح مشورے کے بعد مختصر کابینہ کا اعلان کیاجائے گا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ میرے الفاظ یاد رکھیں کہ انتخابات مقررہ وقت پر اور شفاف ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی مدد کی جائیگی تاکہ بروقت شفاف انتخابات کرائے جاسکیں۔
Comments are closed.