زلمے خلیل زاد کی قیدیوں کے ایشو پرطالبان رہنما ملا برادر سے ملاقات
ویب ڈیسک
اسلام آباد :طالبان قیدیوں کی رہائی اور عسکری کارروائیوں کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مصالحتی عمل زلمے خلیل زاد نے طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی اور اگلے اقدامات پر بات چیت کی ہے۔
ٹوئٹر پر بیان میں زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے ساتھ، تعمیری ٹیلی فونک کال، کے بعد انہوں نے طالبان سربراہ سے بات چیت کی۔
زلمےخلیل زاد کا کہنا ہے کہ ہم سب نےاس بات پر اتفاق کیا ہے کہ امریکا-طالبان معاہدے کا مقصد افغانستان میں وسیع امن کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑھتا تشدد امن معاہدے کے لیے خطرہ ہے اور اسے فوری کم ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم نے قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بھی بات کی ہے ۔
زلمے خلیل زاد نے کہا امریکا قیدیوں کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے بارے میں امریکا-طالبان معاہدے اور امریکا-افغان مشترکہ اعلامیے میں اتفاق ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کی جانب سے نمایاں تعداد کی رہائی کی حمایت کریں گے، زلمے خلیل زاد کا یہ بیان پینٹاگون کی جانب سے افغانستان میں طالبان حملوں کی شدت کم کرنے کے لیے کی گئی کوشش کے بعد سامنے آیا ہے ۔
واضح رہے کہ افغان فورسز پر طالبان کے حالیہ حملوں نے عسکریت پسند گروپ اور امریکا کے درمیان 4 روز قبل ہونے والے امن معاہدے پر شکوک و شبہات پیدا کردیے تھے۔
Comments are closed.