ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا دیا، زلمی اور یونائیٹڈ کا میچ بارش کی نذر
فوٹو : پی ایس ایل
ملتان، راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پی ایس ایل فائیو کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 30 رنز سے ہرا دیا،پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔
ملتان میں کھیلے گئے ملتان سلطانز نے ریلی روسوو کی برق رفتار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 199 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ اوور میں 175 رنز بناسکی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، روئے 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، احمد شہزاد کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے احسن علی 14 اور اعظم خان 6 رنز بنا سکے ۔
شین واٹسن نے اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 41 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ واٹسن کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
آل راؤنڈر بین کٹنگ 12 اور انور علی 14 رنز بنانے کے بعد بلاول بھٹی کا شکار بنے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے 2 اور اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے اننگز کا آغاز کیا، ذیشان صرف 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد معین علی بھی صرف 6 رنز ہی بناسکے ۔
جیمز ونس نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد کپتان شان مسعود نے ریلی روسو کے ساتھ ملکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھییلے اور دونوں نے 139 رنز کی شراکت قائم کی.
شان مسعود 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 رنز پر آؤٹ ہوگئے تاہم ریلی روسوو نے پہلے 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر مخالف بولروں کو خوب پریشان کیے رکھا.
روسوو نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کی انہوں نے پانچویں سیزن کی دوسری سنچری صرف 43 گیندوں پر بنائی ، یوں انہوں نے مجموعی طور پر پی ایس ایل میں ساتویں سنچری اسکور کی
پی ایس ایل فائیو کا تیرہواں میچ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جانا تھا لیکن موسلادھار بارش کے باعث یہ میچ منسوخ کر دیا گیا۔
پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہےمحکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کے روز بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
راولپنڈی میں گزشتہ روز بھی بارش تھی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین میچ بارش کے باعث 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا اور اس میچ میں زلمی نے فتح حاصل کی تھی.
Comments are closed.