کراچی، ذخیرہ شدہ 74 ہزارماسک، 200 انفلوژن واٹر ڈرپس برآمد،ملزم گرفتار
فوٹو : سوشل میڈیا
کراچی(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کے خوف کو کیش کرنے کے لیے کراچی میں ذخیرہ کئے گئے 74 ہزار سرجیکل ماسک اور 200 انفلوژن واٹر ڈرپس رینجرز نے برآمد کرلئے ہیں۔
پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شاہراہ قائدین پی ای سی ایچ بلاک 2 کے علاقے میں کارروائی کی اور کار شو روم سے ایک ملز م محمد عثمان کو گرفتار کر لیا گیا.
رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عثمان نے کورونا وائرس سے احتیاط کے لیے شہریوں کی جانب سے ماسک کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر شو روم کے مالک مزمل امام کے ساتھ شراکت داری کی اور ملزم او ایل ایکس پر مہنگے داموں بڑے پیمانے پر ماسک فروخت کر رہا تھا۔
پاکستان ر ینجرز سندھ کی جانب سے ایک اور کارروائی کے دوران واٹر پمپ چورنگی سے دکاندار عماد کو گرفتا ر کیا گیا جس سے بھاری مقدار میں فیس ماسک برآمد کر لیے جو کہ وہ فی پیکٹ 1650 روپے میں فروخت کر رہاتھا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آنے کے بعد ذخیرہ اندوز مالی مفاد کیلئے سرگرم ہوئے ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے. کورونا کا ایک مریض کراچی میں جب کہ دوسرا اسلام آباد میں زیرعلاج ہے۔
رینجرز ترجمان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شر پسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن پر 1101 کال کریں ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.