وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کااپنے حلقے میں سیاہ جھنڈیو ں سے استقبال
نوشہرہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا انتخابی حلقے کے لوگوں نے سیاہ جھنڈے لہرا کر استقبال کیا اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو اپنے حلقے کا دورہ مہنگا پڑ گیا،پرویز خٹک غلہ ڈھیر میرہ پہنچے تو مقامی افراد نے سیاہ جھنڈے لہراتے ہوئے اپنے غصے کا اظہار کیا۔
مقامی افراد نے وزیراعلیٰ کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔مقامی افراد نے وزیراعلیٰ کے سامنے گیس کی فراہمی کا دیرینہ مطالبہ دہرایا۔
مظاہرین کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے باوجود علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی جس پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت نے فنڈ جمع کرا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا الیکشن کمیشن نے کاموں پر پابندی لگا رکھی ہے جس کی وجہ سے منصوبہ شروع نہیں ہوسکا۔وزیراعلیٰ نے سیاہ جھنڈے لہرانے اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی پر اظہار برہمی کیا ۔
پرویز خٹک نے کہا مجھے پتہ ہے کہ کون ووٹ دیتا ہے اور کون صرف شرارتیں کرتا ہے، جسے ووٹ دینا ہے وہ دے، جسے نہیں دینا وہ نہ دے، میں خدمت کے لئے آیا ہوں، میں نے آپ کو عزت دی اور آپ نے کالے جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے علاقے سے جانے کے بعد لوگوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے نذر آتش کر دیئے اور احتجاج جاری رکھا۔
Comments are closed.