خلائی مخلوق کا پتا چلانا ہے تو اصغر خان کیس کھول دیں: عمران خان
اسلام آباد(ویب ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ خلائی مخلوق کا پتا چلانا ہے تو اصغر خان کیس کھول دیں سب پتا چل جائے گا کہ لاڈلہ کون تھا ۔
اسلام آباد میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پی ٹی آئی میں انضمام کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا جنوبی پنجاب میں احساس محرومی بڑھتی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا لاہورمیرا شہر ہے جہاں پنجاب کا 53 یا 55 فیصد ترقیاتی بجٹ لگتا ہے، مجھے خوش ہونا چاہیے لیکن اس سے لاہور کے قریبی شہر شیخوپورہ، قصور اور دیگر ترقی سے رہ جاتے ہیں، یہی احساس محرومی جنوبی پنجاب میں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ صوبہ بنانا آسان نہیں لیکن ہم ابھی کمیٹی بنادیں گے اور اس کی پوری تیاری کریں گے، فاٹا کا انضمام بھی بہت ضروری ہے اور وہ آسان نہیں لیکن اس کے لیے ہم کوشش کریں گے۔
خلائی مخلوق سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھاکہ خلائی مخلوق کا پتا چلانا ہے تو اصغر خان کیس کھول دیں، پتا چل جائیگا کہ کیسے پیسے بانٹے گئے، نوازشریف کو اس وقت 35 لاکھ ملے، شہبازشریف کو پیسے ملے اور جاوید ہاشمی کو بھی براہ راست پیسے ملے، اصغر خان کیس سے پتا چل جائے گا کہ لاڈلہ کون تھا لہٰذا نوازشریف اپنے تجربے سے خلائی مخلوق کی بات کرتے ہیں۔
عمران خان کہنا تھاکہ اس وقت کسی جماعت سے اتحاد کا ارادہ نہیں، صرف مولانا سمیع الحق سے خیبرپختونخوا میں اتحاد ہوگا، الیکشن وقت پر ہوں گے اور ہونے بھی چاہئیں، ہم 25 جولائی کے لیے مکمل تیار ہیں۔
Comments are closed.