سعودی عرب سے پاکستانیوں کو بے دخل نہیں کیا جارہا، پاکستانی قونصلیٹ
فوٹو : فائل
جدہ (زمینی حقائق ڈاٹ کام)جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کو بے دخل کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، کسی بھی ملک کے صرف ان شہریوں کو ڈیپورٹ کیا جا رہا ہے جو اقامہ کے بغیر کام کر رہے تھے ، اس مہم کو پاکستان سے منسوب کرنا غلط ہے
پاکستان قونصلیٹ جدہ نے سوشل میڈیا کے کچھ حصوں میں جاری اس مہم کی سختی سے تردید کرتا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سعودی حکام، مکہ مکرمہ گورنریٹ کے علاقے سے پاکستانیوں کو قید اور جلاوطن کر رہے ہیں۔
قونصلیٹ نے متعلقہ سعودی حکام سے رابطہ کیا ہے۔ قونصلیٹ کو بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام تمام قومیتوں کے غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرتے اور ملک بدر کرتے ہیں۔ یہ مشق سال بھر میں مختلف شدت کے ساتھ جاری رہتی ہے۔
حالیہ مہم کا آغاز پچھلے ایک ہفتہ سے کیا گیا ہے جس میں بنیادی طور پر بغیر اقامہ، زائد المیعاد اقامہ ، غیر قانونی کارکنان، اور ایسے افراد جو اقامہ پر لکھے گئے پیشےکی جگہ دیگر شعبوں میں کام کررہے ہیں، پر توجہ دی جارہی ہے ۔
اس سلسلے میں گذشتہ تین روز سے 400 کےقریب پاکستانیوں کو شمیسی ڈیپورٹیشن مرکز لایا گیا ہےیہ کہنا کہ یہ مہم صرف پاکستانیوں کے لئے مخصوص ہے، بالکل غلط ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ اس طرح کی خبروں کی تشہیر نے پاکستانی کمیونٹی میں غیر ضروری اضطراب اور بے یقینی پیدا کردی ہے۔
سوشل میڈیا کے کچھ حصے اسے گمراہ کن سیاسی زاویہ دے رہے ہیں۔ یہ پاک سعودی برادرانہ تعلقات کے مفاد میں ہے کہ اس طرح کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ہر قیمت پر گریز کیا جاتا ہے۔
پاکستانی قونصلیٹ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ہماری سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور اس من گھڑت سوشل میڈیا مہم پر توجہ نہ دیں۔ہم سعودی حکام سے مستقل رابطے میں ہے اور پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کے لئے مقامی قواعد و ضوابط کے تحت ہر ممکن اقدامات اٹھایا جا رہا ہے۔
Comments are closed.